پشاور ( نیوزڈیسک ) محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے اہم کارروائی کے دوران ضلع خیبرعلی مسجد میں خودکش حملہ میں ملوث سہولت کار گرفتار کر لیے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو علی مسجد واقع پل غاڑہ ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، حساس اداروں کی کوششوں سے سہولت کار اور ان کے دو بیٹوں کو ٹریس کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزموں میں دلاور خان اور اس کے دو بیٹے ضابطہ خان و عارف خان شامل ہیں، تفتیش کے دوران مذکورہ بالا ملزمان نے وقوعہ میں سہولت کاری کا اعتراف کیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مبینہ ملزمان کے گھر واقع سلطان خیل سے ایک خود کش جیکٹ، کلاشنکوف و کارتوس اور دیگراشیاء برآمد ہوئی ہیں، گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔
