اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا،عالمی برادری اقوام متحدہ کی جموں وکشمیر سے متعلق قرادادوں پرعمل کرائے اورجدوجہد آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔
قمر زمان کائرہ پیر کونیشنل مانوومنٹ میوزیم اسلام آباد میں عظیم کشمیری لیڈر مرحوم سید علی گیلانی کی یاد میں سید علی گیلانی کارنر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، شیخ عبد الا متین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج تحریک آزادی کشمیر کے ایک مجاہداورعظیم رہنما سید علی گیلانی کی خدمات اور پاکستان سے ان کی محبت کے اعتراف میں اس مانوومنٹ میں علی گیلانی یادگاری کارنر بنایا گیاہے جہاں ان کی یادگاری اشیا رکھی گئی ہیں جن کا بڑی مشکل سے اہتمام کیا گیاہے۔سید علی گیلانی کارنر کے سامنے کھڑے ہوکر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کررہے ہیں کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے،مقبوضہ کشمیرکے عوام قربانیوں کی عظیم داستان رقم کررہے ہیں اور بھارت ان کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کرسکا ہے ،جن کی قیادت علی گیلانی جیسے لیڈر کرتے تھے جن کا نعرہ تھا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد فضائوں میں یہاں کھڑے ہوکر یہ کہنا آسان ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومتیں خواہ کسی جماعت کی ہوں کشمیر پر یکساں موقف کی حامل ہیں کیونکہ یہ کسی سرکار کا نہیں پاکستان کے عوام کاموقف ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے عالمی فورمز پر ہر موقع پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیااور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی مذمت کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے دورے پر بھرپور مقدمہ پیش کیا ان کے سر کی قیمت لگنا اس بات کی دلیل تھی کہ یہ طرز عمل اور الفاظ بھارتی قیادت کو چبھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیری نہ ہم سے الگ ہیں نہ ہم ان سے الگ ہیں،جو وعدے نہرو نے کشمیریوں کے ساتھ کئے،جو اقوام عالم سے بھارتی قیادت نے وعدے کئے ہم ان پرعمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو سید علی گیلانی جیسی قیادت جدوجہد کو تھکنے نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ بھارت اٹوٹ انگ کے ڈھونگ رچا لے،جو ظلم کرلے کشمیریوں کوجبرسے دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان سے پرامن تعلق چاہتے ہیں تاہم کشمیریوں کو ان کا حق دیئے بغیر یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا، دنیا اس معاملہ پر خاموش تماشائی کا کردار ترک کرے، ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں مظالم کا ہاتھ روکیں،کشمیر کے تصفیے کیلئے اپناسات دہائیاں پرانا وعدہ نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اگر امن نہیں ہوگا تو خطے میں امن ممکن نہیں اور یہ امن کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر ممکن نہیں،یہاں امن ہوگا تو خطے میں خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ سید علی گیلانی کی تحریروں کو کتابی شکل دیں۔
حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ سید علی گیلانی کارنر کا افتتاح کررہے ہیں،جن کی زندگی جدوجہد آزادی میں بسر ہوئی،تحریک آزادی کشمیر تحریک تکمیل پاکستان کی ہی جدوجہد ہے،ہندوستان علی گیلانی کو شہید کرنے کے بعد ان کی جدوجہد کو مسخ کرنے کی سازش کررہا ہے،یہ کارنر ہندوستان کی سازشوں کا توڑ ثابت ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں شہدا کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر تدفین کی جاتی ہے جو پاکستان سے کشمیریوں کی وابستگی کا اظہار ہے۔