اسلام آباد (نیوزڈیسک )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مقیم بھارتی نژاد شہری نے آن لائن ٹیکسی کے ذریعے آٹھ سو بھارتی شہریوں کو امریکا میں اسمگل کیا۔ امریکا کے محکمہ انصاف نے پریس ریلیز میں بتایا کہ راجندر پال سنگھ نے کینیڈا کی سرحد سے سیکڑوں بھارتی شہریوں کو امریکا پہنچایا۔ جولائی 2018 سے 49 سالہ راجندر سنگھ اور اس کے شریک ملزمان نے اوبر ٹیکسی استعمال کرکے کینیڈا سے غیر قانونی طور پر امریکی سرحد عبور کرنے والے افراد کو سیاٹل شہر میں پہنچایا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا کہ جولائی 2018 سے اپریل 2022 تک 17 اوبر اکاؤنٹس اس اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے جن میں 80 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم آئی۔ بھارتی نژاد شہری کے کیلیفورنیا میں واقع گھر سے 45 ہزار امریکی ڈالر اور جعلی شناختی کارڈز برآمد ہوئے۔
عدالت نے سزا سنائی
راجندر پال سنگھ کو انسانی اسمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر 3 برس قید کی سزا سنائی گئی۔ ملزم نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اس نے اسمگلنگ گروہ کا مرکزی کارندہ ہونے کی وجہ سے 5 لاکھ ڈالر سے زائد رقم وصول کی۔ ملزم کو امریکی ضلعی عدالت نے سزا سنائی۔ نگراں اٹارنی ٹیسا گورمین کا کہنا تھا کہ اس شخص نے 4 سال کے عرصے میں 800 سے زائد افراد کو شمالی سرحد سے ریاست واشنگٹن اور دیگر شہروں میں اسمگل کیا۔
امریکی محکمہ انصاف کا انتباہ
محکمہ انصاف کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ راجندر پال سنگھ اس وقت امریکا میں قانونی طور پر نہیں رہ رہا، اسے سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔