جموں، سرینگر (نیوز ڈیسک ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری شہید، دستی بم دھماکے میں بھارتی فوجی سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے مذکورہ شخص کی موت کو حادثاتی قراردے کر اس معاملے کی پردہ پوشی کی کوشش کی ہے ۔بھارتی فوج نے ایک بیان میں کہاہے کہ مذکورہ شخص اکھنور کے علاقے کھوڑ میں بھارتی فوج کی فائرنگ کی مشق کے لئے مخصوص علاقے میں داخل ہوا اور فائرنگ کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گیا ۔ پولیس نے دفعہ 174کے تحت تحقیقات شروع کر دی ہیں۔دریں اثنا ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گزشتہ شب کوکرناگ کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کرنے والی بھارتی فوج کی پارٹی پر نامعلوم حملہ آوروں نے دستی بم سے حملہ کیا۔حملے میں دو شہری اور ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ دریں اثنا بھارتی یوم آزادی کے پیش نظر پکڑدھکڑ کے دوران 8نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ علاوہ ازیں لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف آج جمعہ کو کشمیری حریت پسندشیخ عبدالعزیز کی 15ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے شیخ عبدالعزیز کو ان کی15ویں برسی کے موقع پر شاندارخراج عقیدت پیش کیا ،مزید براں ضلع اسلام آباد کے علاقے سدورہ میں ایک بھارتی فوجی ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ایک اور بھارتی فوجی کالکی شرما ضلع کٹھوعہ کے علاقے مگر کھنڈ کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔