سرینگر 12اگست (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے 14اگست یوم تشکر جبکہ 15 اگست یوم سیاہ ہے، پاکستان کشمیریوں کا محسن او رسفیر ہے جبکہ بھارت ایک جابر اور سامراجی ریاست ہے جس نے فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان کو اس کے یوم آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری مملکت خداداد کی سلامتی ، خوشحالی اور دن دوگنی رات چوگنی ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ عسکری اور معاشی طور پر ایک مستحکم و مضبوط پاکستان کشمیریوں کے بہترین مفاد ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور کشمیری قیام پاکستان کی عظیم الشان جدوجہد سے ایک نیا حوصلہ و ولولہ پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو اپنا نجات دہندہ اور محافظ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی عظیم قربانیوں کے علاوہ پاکستان کی انتھک سفارتی کوششوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور مکروہ بھارتی نوآبادیاتی چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین نے مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت اور سازشوں کے باوجود پاکستان ہمیشہ ثابت قدم اور کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیرکاز اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورموں پر انتہائی جانفشانی سے لڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غیر متزلزل موقف اورحمایت کشمیریوں کیلئے باعث تقویت ہے۔غلام احمد گلزار نے امید ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا بلکہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششوں میں تیزی لائے گا۔
انہوںنے بھارتی غلامی سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیریوںپر زور دیا کہ وہ پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منائیں، مختلف پروگراموں کا انعقاد کریں اور مملکت خداداد کی سلامتی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔غلام احمد گلزار نے بھارتی یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اس روزمکمل ہڑتال کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اس روز آزادجموں وکشمیر ، پاکستان اوردنیا کے مختلف ملکوں میں بھارت مخالف مظاہروں اورریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔غلام احمد گلزار نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد تقریبات کا بائیکاٹ کریں اور اس دون سیاہ پرچم لہرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک نے ہماری خصوصی حیثیت چھین لی، ہماری منفرد شناخت ختم کی اور جو ہم پر ہندو توا ایجنڈہ مسلط کرنے اور مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی تبدیلی لانے کی سازش کر رہا ہے وہ ہمارا ہمدرد نہیں بلکہ بدترین دشمن ہے۔ انہوں نے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنوںکے سامنے بھارت مخالف مظاہرے کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنے یوم آزادی کی تقریات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف جموںوکشمیر پر قبضہ کررکھا ہے اور ان کے تمام سیاسی، معاشرتی معاشی، ثقافتی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں نے بھارت میں بھی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف مکمل جنگ کا اعلان کررکھا ہے۔ یہ عناصر مسلمان اور دیگر اقلیتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اقلیتوں اور جمہوریت کی حامی قوتوں کو متحد ہو کر ہندوتوا کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنی چاہیے ۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں عبدالاحد پرہ، غلام محمد خان سوپوری، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، عبدالصمد انقلابی، مولانا مصعب ندوی، پروفیسر زبیری، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر پیر پنچال موومنٹ اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فرنٹ نے بھی اپنے بیانات میںمملکت خداداد پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ محکوم کشمیری حق پر مبنی اپنی جدوجہد کی مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاںکیے گئے ہیں جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو ان کے یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ ڈیموکریٹک یوتھ فورم کی طرف سے سرینگر اور دیگر مقامات پر چسپاں پوسٹروں میں قائداعظم، علامہ اقبال اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر موجود ہی ںہیں۔
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیز احمد غزالی ، نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم نے مظفر آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری 14اگست کو یوم تشکر کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کر رہا ہے ۔ بھارت جموں وکشمیر میں غاصب کی حیثیت رکھتا ہے لہذا کشمیری 15کو بھارتی یوم آزادی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔