سرینگر (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل حفاظتی اقدامات کے نام پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارتعینات کیے ہیں جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے پورے علاقے میں گاڑیوں کی چیکنگ اور مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی کا عمل تیز کر دیا ہے جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ پورے مقبوضہ جموںوکشمیر خاص طور پر سری نگر میں زمینی اور فضائی نگرانی کے ساتھ بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سری نگر میں ایک کرکٹ اسٹیڈیم جہاں سرکاری تقریب منعقد کی جائے گی کے اطراف میں بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری دستوں نے نئے بنکر قائم کیے ہیں اور رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے گزشتہ چند دنوں میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیسیوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو بھارتی رنگ میں رنگنے کے اپنے مذموم عزائم کے تحت مقبوضہ جموںوکشمیر کے تمام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ 15 اگست کو اپنے گھروں پر بھارتی جھنڈا لہرائیں۔