بیجنگ (نیوز ڈیسک ) چین نے کہا ہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)اور پاکستان سے دوستی سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے میڈیا کو دی گئی معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال پر کہا چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سی پیک سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،گوادر بندرگاہ منصوبوں پر کام کرنے والے ایک چینی قافلے پر سڑک کنارے نصب بم سے حملہ کیا گیا اور اس پر فائرنگ کی گئی،یہ قافلہ گوادر ہوائی اڈے سے بندرگاہ کی طرف واپس جارہا تھا جبکہ حملے میں تمام چینی شہری محفوظ رہے ، قونصل خانہ نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور چینی شہریوں، تنظیموں اور منصوبوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے ،بیان کے مطابق قونصل خانہ نے فوری طور پر ہنگامی طریقہ کار فعال کرتے ہوئے مقامی چینی شہریوں، کاروباری اداروں اور منصوبوں کو محتاط رہنے ، حفاظتی اقدامات بہتر کرنے ، سکیورٹی خطرات کی روک تھام، سلامتی کی صورتحال پر گہری نگاہ رکھنے اور حفاظت یقینی بنانے پر زور دیا ہے ۔
وینبن نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ حفاظتی اقدامات اور پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی مؤثر سلامتی کیلئے کام جاری رکھے گا۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے متعلق ایک سوال پر چینی ترجمان نے کہا کہ چین انوارالحق کاکڑ کو اس منصب پر مبارک باد دیتا ہے ،بین الاقوامی حالات جیسے بھی ہوں ،پاکستان کے اندرونی حالات تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی اور کبھی نہیں توڑی جاسکے گی، چین اپنی تمام تر سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری، مشترکہ مستقبل کی حامل چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر، دونوں ممالک اور دو اطراف کے عوام کے مزید فائدے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے بالکل تیار ہے ۔