نئی دہلی(نیوز ڈیسک ) کینیڈانے بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر مذاکرات ملتوی کر دیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت جانے والے کینیڈا کے تجارتی مشن کا دورہ جو اکتوبر میں ہونے والاتھا، ملتوی کر دیا گیا ہے۔کینیڈا کی وزیر تجارت میری این جی کی ترجمان شانتی کوسینٹینو نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ترجمان نے کوئی وجہ بتائے بغیر کہا کہ اس وقت ہم بھارت جانے والے تجارتی مشن کو ملتوی کر رہے ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں کینیڈا نے بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت کو روک دیا۔ یہ بات بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان نئی دہلی میں جی 20سربراہی اجلاس کے موقع پر بات چیت کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔نریندر مودی کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہاتھا کہ ان کا ملک ہمیشہ پرامن احتجاج کی آزادی کا دفاع کرے گا لیکن ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ ہمیشہ تشدد کو روکیں گے اور نفرت کی حوصلہ شکنی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کینیڈا ہمیشہ آزادی اظہار، ضمیر کی آزادی اور پرامن احتجاج کی آزادی کا دفاع کرے گا اور یہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ کمیونٹی کے معاملے پر یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ چند لوگوں کے اقدامات پوری کمیونٹی یا کینیڈا کی نمائندگی نہیں کرتے۔جسٹن ٹروڈو کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب مودی حکومت نے ان سے کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم پر پابندی لگانے کی درخواست کی تھی۔