بنگلورو(نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست کرناٹک می پولیس نے ایک انتہاپسند ہندورہنما کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو اپنے مذہب کے لوگوں سے کہہ رہا تھاکہ وہ گھروں میں ہتھیار رکھیں اور تلواروں کی پوجا کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ارون کمار پوتھیلا نے جو جنوبی ضلع کنڑ سے تعلق رکھنے والے ایک مشہور ہندوتوا رہنما ہیں، یہ بات گزشتہ ہفتے ضلع کے علاقے راگی گڈا میں عیدمیلاد النبی ۖ کے جلوس کے دوران تشدد سے متاثرہ لوگوں کی عیادت کرتے ہوئے کہی ۔ پوتھیلا نے کہا ہم دیکھ سکتے ہیں کہ انہیں کس قسم کی حمایت ملتی ہے۔ حکومت ہندوئوں پر حملے کی حمایت کر رہی ہے۔ یہاں تک کہ ہماری برادری کے پاس ہتھیار اور تلواریں ہیں۔ ہم ہتھیاروں کے ذریعے منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ نوراتری تہوار کے دوران ہتھیاروں کی پوجا کی جاتی ہے۔ اس دن ہر گھر میں ہتھیاروں کی پوجا کرنی چاہیے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ تلواروں کی پوجا شروع کر دیں۔ شیموگہ دیہی پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پوتھیلا نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت ووٹ حاصل کرنے کے لیے بنیادپرست قوتوں کی حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیواموگا تشدد پہلے سے منصوبہ بند کارروائی تھی۔ اس علاقے میں گنیش کا تہوار بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ بنیادپرست قوتوں نے صرف ہندو برادری کو ڈرانے کے لئے یہ کارروائی کی۔