نئی دلی(نیوز ڈیسک ) ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر اور حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کی طرف سے جنسی ہراسگی کے خلاف احتجاج کرنے والی خاتون ریسلرز نے بی جے پی لیڈر کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ کے فیڈریشن کے صدر منتخب ہونے پرریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
خاتون ریسلر ساکشی ملک پریس کانفرنس کے دوران سنجے سنگھ کے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیاکاصدر منتخب ہونے پر انتہائی جذباتی ہو گئیں اور روتے ہوئے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن کے خلاف لڑائی میں بہت عرصہ لگا ۔انہوں نے سنجے سنگھ کو برج بھوشن کا قریبی ساتھی قراردیتے ہوئے کہاکہ سنجے سنگھ برج بھوشن کا دایاں ہاتھ ہے۔ایک اور خاتون ونیش پھوگاٹ نے بھی سنجے سنگھ کے ڈبلیو ایف آئی صدر بننے پر مایوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ہر طرح احتجاج کیا تاہم ہمیں انصاف نہیں دیاگیا۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ ان سے تین چار مہینے انتظار کرنے کو کہا گیاتھالیکن انہیں اس کے بعد بھی انصاف نہیں دیاگیا۔ ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ برج بھوشن کے بعد سنجے سنگھ کو آج فیڈریشن کا صدر بنایا گیا۔ اس کاواضح مطلب ہے کہ بھارت میں خواتین کھلاڑی ایک بار پھر غیر محفوظ ہو گئی ہیں ۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ ہم اپنی لڑائی میں کامیاب نہیں ہوسکیںاورآج بھارت میں ریسلنگ کا مستقبل تاریک ہو گیاہے۔