نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار میں بڑی تعداد میں فوجیوں نے اپنی ضروریات اور مراعات کے لیے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مودی حکومت کو دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلا دیں گے۔
بھارتی فوجی اہلکار وردی پہن کر حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور مودی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین ہاتھوں میں بھارتی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
فوجیوں کا کہنا تھا کہ انہیں ضروریات اور مراعات سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ ہم مودی سرکار اور ریاست بہار کے حکمرانوں کو بارہا اپنی ضروریات اور مراعات کے لیے درخواستیں دے چکے۔ لیکن جب سرکار کی جانب سے کوئی شنوائی نہ ہوئی تو ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے۔