ممبئی (نیوز یسک ) بھارتی ریاست کیرالہ میں 16 سالہ لڑکے کو جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں ایک ٹرانس وومن کو 7 سال قیدکی سزا سنادی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کے شہر تھیروواناتھاپورم میں خصوصی عدالت نے ایک 16 سالہ لڑکے کو جنسی ہراساں کرنےکے کیس میں ایک ٹرانس وومن کو 7 سال قید اور 25 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں یہ پہلا واقعہ ہےکہ کسی کیس میں ایک ٹرانس جینڈر کو سزا سنائی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ملزمہ کی عمر 34 سال ہے اور وہ ایک ٹرانس وومن ہے۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمہ نے 2016 میں ٹرین میں 16 سالہ لڑکے کو جنسی ہراساں کیا اور اسے دھمکیاں بھی دیں، بعدازاں اسے فون اور سوشل میڈیا پر بھی ہراساں کیا جاتا رہا اور لڑکے کی والدہ کو علم ہونے پر معاملہ پولیس تک پہنچا جس پر ملزمہ کی گرفتاری عمل میں آئی۔ عدالت کی جانب سے سزا سنانےکے بعد ملزمہ کو (جس کی اب جینڈر سرجری ہوچکی ہے) خواتین کی جیل میں ایک خصوصی سیل میں منتقل کردیا گیا ہے اور جلد ہی اسے ٹرانس جینڈر کی خصوصی جیل میں منتقل کردیا جائےگا۔