سری نگر (نیو زڈیسک )جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو آج پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب حراست میں لے لیا گیا۔ دراصل وہ جموں و کشمیر میں جاری تجاوزات مخالف مہم کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب بوٹ کلب کے پاس مظاہرہ کر رہی تھیں جب سیکورٹی اہلکار نے انھیں حراست میں لے لیا۔ دھرنا کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں غنڈہ راج چل رہا ہے۔ قانون کی حکومت نظر نہیں آ رہی۔ پہلے ہماری شناخت چھین لی گئی، اب زمین اور ملازمت چھین رہے ہیں۔ ہمارے گھر چھین رہے ہیں، دکان توڑ رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کو افغانستان کی طرح برباد کیا جا رہا ہے۔‘‘اس سے قبل پی ڈی پی چیف محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر میں چل رہی تجاوزات مخالف مہم کو لے کر بی جے پی حکومت کا موازنہ ایسٹ انڈیا کمپنی سے کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطین کشمیر سے بہتر ہے۔ پیر کے روز بھی محبوبہ مفتی نے خراب حکمرانی کو لے کر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’بی جے پی نے ہندوستانی آئین کو تباہ کرنے کے لیے اپنی اکثریت کو اسلحہ بنا لیا ہے۔ انھوں نے عدم اتفاق اور عدلیہ کی آواز کو کچلنے کے لیے میڈیا کو بھی اسلحہ بنا لیا ہے۔‘‘
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پارلیمنٹ ہائوس کے قریب سے گرفتار
مناظر: 333 | 8 Feb 2023