سرینگر15فروری(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں جاری کشمیریوں کی املاک منہدم کرنے کی مہم کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کا مقصد مقامی لوگوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے رہنما ناصر اسلم وانی نے سرینگر میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے نام پر بغیر کوئی نوٹس دیے کشمیریوں کو انکی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنا اور انہیں اپنے دفاع کے حق سے محروم کرناباعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مسلسل خوف میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں انہیں ڈر ہے کہ کہیں ان کی املاک یا دکانیں بھی نہ تجاوزات کے نام پرنہ گرا دی جائیں۔ ناصر اسلم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے باہر مودی حکومت بے گھر افراد کو گھر فراہم کر رہی ہے لیکن مقبوضہ علاقے میں وہ کشمیریوں کو بے گھر کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس انتقامی کارروائی سے غریب عوام میں مسلسل خوف و ہراس اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔
نیشنل کانفرنس کا کشمیریوں کی املاک منہدم کرنے کی مہم فوری روکنے کا مطالبہ
مناظر: 675 | 15 Feb 2023