بنگلورو(نیوز ڈیسک ) سری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک نے ہندو نوجوانوں سے کہا ہے کہ اگر ہم ’’لو جہاد‘‘ کے ذریعے ایک ہندو لڑکی کھوتے ہیں تو تم 10 مسلم لڑکیوں کو پھنساؤ، تمہارے تحفظ اور روزگار کی گیارنٹی ہم دیتے ہیں۔
کرناٹک کے باگل کوٹ میں اتوار کے روز خطاب کرتے ہوئے پرمود متالک نے الزام لگایا کہ ’’لو جہاد‘‘ کے نام پر ہزاروں ہندو لڑکیوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ ہم اس کا ’’رحمدلانہ جواب‘‘ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال سے واقف ہیں۔ میں یہاں کے نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں۔ اگر ہم ایک ہندو لڑکی کو کھو دیں تو ہمیں 10 مسلم لڑکیوں کو پھنسانا چاہئے۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو سری رام سینا آپ کی ذمہ داری لے گی اور ہر قسم کی سیکورٹی اور روزگار فراہم کرے گی۔
پرمود متالک، کرناٹک کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اڈوپی کے کرکلا حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لینے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ہندوتوا موقف کی وجہ سے انہیں بہت ساری رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم مجھے چند بی جے پی قائدین کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے الیکشن لڑنے کے لئے مالی مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سری رام سینا بدعنوانی کے خلاف اور حقیقی ہندوتوا دونوں کے لئے لڑ رہی ہے۔ متالک نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ کارکلا کی سیٹ جیتیں گے کیونکہ ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے انہیں عوام کے مختلف طبقات کی حمایت حاصل ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرمود متالک نے کہا کہ وہ 10 سے زائد مرتبہ ایسے ہی بیانات دے چکے ہیں اور ہندو خواتین کے ’’تحفظ‘‘ کے لئے ایسی بات دہراتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ اس لئے نہیں کہہ رہا ہوں کہ انتخابات قریب ہیں۔ میرے بیانات ہمیشہ ہندوؤں کے مفاد میں رہے ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ انہوں نے ہندو نوجوانوں سے مسلم لڑکیوں کو پھنسانے کے لئے کیوں کہا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایک اور شردھا والکر مسلمان کے ہاتھوں قتل ہوجائے۔
اسی طرح سے جب نکی یادو کے قتل کی یاد دلائی گئی تو پرمود متھالک نے کہا کہ انہوں نے اس کی بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاہم وہ مسلمانوں کو ہندو لڑکیوں کو لبھانے یا پھنسانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پرمود متالک کے ان بیانات پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ ’’لو جہاد‘‘ ایک بے بنیاد سازشی نظریہ سمجھا جاتا ہے جسے عدالتوں نے بھی مسترد کر دیا ہے۔
*If we lose one #Hindu girl- we should get ten #Muslim girls. If you do so, #SriRamSene will take the responsibility of you and provide all kind of security and employment* #PramodMuthalik during his speech at #Bagalkote #Karnataka pic.twitter.com/weKuHQ7wmm
— Imran Khan (@KeypadGuerilla) February 20, 2023