اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ جاوید اختر اس وقت ہندوستان میں ہیرو ثابت ہوگئے ہیں وہ پاکستان مخالف دیے گئے بیان پر معذرت نہیں کریں گے۔ جاوید اختر نے فیض فیسٹیول کے دوران پاکستانیوں سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی جس کے بعد سے وہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں اور اب شوبز شخصیات کی جانب سے بھی ان کے بیان سے متعلق ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران میزبان نے فیصل قریشی سے سوال کیا کہ کیا جاوید اختر کو پاکستان مخالف اپنے بیان پر معذرت کرنی چاہیے؟ جس کے جواب میں فیصل قریشی نے کہا کہ جاوید اختر اپنے بیان پر معذرت تو قطعی طور پر نہیں کریں گے بقول قائداعظم جو مسلمان ہندوستان میں ہیں انہیں ہر بار یہ ثابت کرنا پڑےگا کہ وہ اپنے ملک سے وفادار ہیں، ان مسلمانوں کو اسی طرح کی چیزوں کے ذریعے اپنی وفاداری ثابت کرنے پڑے گی۔ فیصل قریشی نے یہ بھی کہا کہ جاوید اختر اس وقت ہندوستان میں ہیرو ثابت ہوگئے ہیں۔دوسری جانب سینئر اداکار شان شاہد نے بھی جاوید اختر کے متنازع بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا اور مختلف ٹوئٹس کی جس میں شان نے لکھا کہ ان کو بلانے اور ان کے پاؤں میں بیٹھنے والوں سے سوال ہے؟ اپنے ملک کی عزت سے زیادہ کچھ نہیں۔ ادھر صبور علی کی بھی اس حوالے سے انسٹا اسٹوریز سامنے آئی ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی اپنے گھر آکر بے عزت کرکے جارہا ہے اور اس پر خوشی سے شور مچایا جارہا ہے، صبور نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید لکھا کہ جنہیں اپنی عزت رکھنی نہیں آتی ان کی کوئی اور کیا عزت کیا کرے گا۔
جاوید اختر کی پاکستان کیخلاف زہر فشانی ، پاکستانی اداکاروں نے لی جَم کر جاوید کی کلاس
مناظر: 938 | 23 Feb 2023