جموں (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت نے 13 آزاد پسند کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔
این آئی اے جموں کی عدالت نے آج(جمعرات) ضلع کشتواڑ کے رہائشی 13 کارکنوں کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ۔
جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) خلیل پسوال نے کہا کہ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے ۔انہوںنے کہا کہ یہ تمام افراد اس وقت آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں مقیم ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن لوگوں کے وارنٹ جاری کیے گئے انہوں نے لوگوں کو بھارت کے خلاف کو متحرک کیا۔ جن کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ان کی شناخت شاہنواز کانٹھ عرف منا ، نعیم احمد عرف عامر، محمد اقبال عرف بلال، شاہنواز عرف نعیم، جاوید حسین گیری عرف مزمل، بشیر احمد مغل، غازی الدین، ستار دین عرف رجب سیف اللہ، امتیاز احمد عرف داؤود، شبیر احمد، محمد رفیق ، مظفر احمد اور آزاد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
ان لوگوں نے بھارتی فوجیوں کے مظالم کی وجہ سے مقبوضہ علاقے سے آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان ہجرت کی ہے۔