جموں ، سرینگر(اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک )کشمیری اپنی ہی زمینوں سے محروم ، رواں ہفتے 170کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع سانبا میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا، آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے شوپیاں قتل عام کے شہدا کی آج 5ویں برسی پر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارتی فوج نے 2018 میں آج ہی کے دن شوپیاں پاہنو میں محاصرے کے دوران 6 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ حریت رہنماؤں نے بیانات میں کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کے قتل کیلئے 9لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیں ،عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے ۔ ادھر جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے بارہمولہ کے عالم دین عرفان بٹ کی غیر قانونی نظربندی کالعدم قرار دے دی جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت ووٹوں کیلئے مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے ۔ دوسری طرف سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کو کسی نہ کسی بہانے اپنے ہی وطن میں بے گھر کر رہی ہے ۔ رواں ہفتے 170کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔
کشمیری اپنی ہی زمینوں سے محروم ، رواں ہفتے 170کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں
مناظر: 708 | 6 Mar 2023