ممبئی (نیو زڈیسک ) 80 سالہ بوڑھے شخص نے بیٹے اور بہو کے تضحیک آمیز رویے سے مایوس ہوکر ڈیڑھ کروڑ مالیت کی جائیداد ریاست کو عطیہ کر دی۔ اس بوڑھے شخص کا اترپردیش کے علاقے کھٹولی ٹاؤن سے ہے، اس کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، اس کی بیوی کا انتقال ہو چکا ہے۔ جس کے بعد وہ بہت اکیلا ہو گیا تھا پھر بیٹے اور بہو کے تضحیک آمیز رویے سے تنگ آ کر نتھو سنگھ اپنا گھر چھوڑ کر اولڈ ہوم میں رہنے پر مجبور ہوا۔ کھٹولی ٹاؤن کے اولڈ ہوم میں رہنے والے 80 سالہ نتھو سنگھ نے اپنی تمام جائیداد اترپردیش کے گورنر کے حوالے کر نے کیلئے دستاویز سب رجسٹرار آفیس میں جمع کروادی ہیں۔ دوسری جانب سب رجسٹرار آفس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نتھو سنگھ نے 4 مارچ کو تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا اپنا گھر اور زرعی زمین گورنر کوعطیہ کرنے کی وصیت جمع کروا دی ہے۔نتھو سنگھ نے اپنی وصیت میں کہا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد ان کی ملکیتی جائیداد سرکار اپنے قبضے میں لے لے اور وہاں پرسکول یا ہسپتال بنوایا جائے۔ اس موقع پر 80 سالہ بزرگ نے بہو اور بیٹے پر اپنی تضحیک کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ انہوں نے مجھے اپنا گھر چھڑوا کر یہاں رہنے پر مجبور کیا۔
یہ واقعہ ان لوگوں کے لئے بھی سبق ہے جو رات دن ایک کرکے اپنی اولاد کے لئے پیسے اور جائیداد اکٹھی کرتے ہیں لیکن جب یہی اولاد انہیں سہارا دینے کے وقت بے سہارا چھوڑ دے تو وہ ٹوٹ جاتے ہیں۔ فرمانبردار اولاد بہت بڑی نعمت ہے، اگر اولاد نافرمان نکلے تو والدین پوری زندگی ایک کرب میں مبتلا رہتے ہیں۔ اللہ پاک ہر انسان کو چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو فرمانبردار اور نیک اولاد سے نوازیں۔
اتر پردیش :بیٹے اور بہو کا تضحیک آمیز رویہ، 80 سالہ شخص نے کروڑوں کی جائیداد عطیہ کر دی
مناظر: 274 | 7 Mar 2023