سرینگر09مارچ(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گااوروہ بہت جلد بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاکہ تنازعہ کشمیر حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جب تک کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراتا ، بھارت کی ظالم فوج کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلتی رہے گی۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے سنجیدگی دکھانی ہوگی اورکشمیریوں کے حقوق کے لئے اپنی آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا واحد اورآسان حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق علاقے میں استصواب رائے کا انعقاد ہے جس کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری گزشتہ 73سال سے بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں اور اگر اقوام متحدہ نے اب بھی اس مسئلے کو حل نہ کیا توپوری دنیا کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔
تنازعہ کشمیر حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا:کل جماعتی حریت کانفرنس
مناظر: 949 | 9 Mar 2023