اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے گورنر کا بیان بھارتی قیادت کے جارحانہ عزائم کی ایک اورواضح مثال ہے جو خطے کے امن اور استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نام نہاد گورنر نے بے بنیاد دعویٰ کیا ہے جس سے نہ تو تاریخی حقیقت کو تبدیل اورنہ ہی جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ کبھی تھا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپرقابض ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کا سہارا لینے کی بجائے بھارت کو متنازعہ علاقے سے اپنا قبضہ ختم کرکے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق خودارادیت کا نا قابل تنسیخ حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔