نئی دہلی(نیوز ڈیسک ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بدھ کو ایک سیمینار منعقد کیاجائے گا جس میں شرکاء غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںتمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی اور میڈیا پر عائد پابندیوں اور ظلم وجبر کے خاتمے کا مطالبہ کریں گے۔
”کشمیر کو بولنے دو”کے عنوان سے یہ تقریب بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہو گی جسے”ریاستی جبر کے خلاف مہم”کے نام سے شروع کیا گیا ہے۔ مہم کا آغاز میڈیا، عدلیہ، پارلیمنٹ، فلمی صنعت اور حریت قیادت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیردونوں سے کیا تھا۔ تقریب میںجن لوگوں کی شرکت متوقع ہے ان میںریٹائرڈجسٹس حسنین مسعودی، پروفیسر نندیتا نارائن، محمد یوسف تاریگامی، میر شاہد سلیم، سنجے کاک اور انیل چماڈیاشامل ہیں۔