نئی دہلی(نیوز ڈیسک )بھارتی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ انسانی حقوق کے بھارتی کمیشن میں گزشتہ تین سال کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر سے انسانی حقوق کے 1164 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
بھارتی وزارت داخلہ نے منگل کو پارلیمنٹ میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ یکم اکتوبر 2019سے دسمبر 2022تک انسانی حقوق کے بھارتی کمیشن میںمقبوضہ جموں وکشمیرسے انسانی حقوق سے متعلق کل 1164کیس درج کیے گئے ہیں۔یہ معلومات بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نتیا نند رائے نے بھارتی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے اسلام آباد حلقے سے نیشنل کانفرنس کے رکن حسنین مسعودی کے ایک تحریری سوال کے جواب میں فراہم کیں۔نتیانندرائے نے کہا کہ ان میں سے کمیشن نے 111پر غور کرکے ان کو بند کر دیا، 368 میں ہدایات جاری کر کے نمٹا دیا،484کو خارج کر دیا ، ایک معاملے میں معاوضے کی سفارش کی اور 200معاملے کمیشن کے زیر غور ہیں۔