اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارت نے ازبکستان میں کھانسی کا شربت استعمال کرنے کے باعث 18 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھارتی دوا ساز کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا۔ رواں برس جنوری کے مہینے میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن نے بھارتی دوا ساز کمپنی میریئن بائیو ٹیک کے دو کھانسی کے شربت غیر معیاری قرار دیتے ہوئے ان کے استعمال سے خبردار کیا تھا جس کے بعد ازبکستان اور بھارت کی جانب سے کمپنی کی پراڈکشن بند کروا دی گئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ازبکستان میں کھانسے کا شربت استعمال کرنے سے بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر اتر پردیش میں محکمہ صحت کے حکام نے دوا ساز کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اترپردیش کے شہر نوائیڈا میں کمپنی کو کسی بھی قسم کی دوا بنانے سے روک دیا گیا ہے، معاملے کی تحیقیقات کے بعد بھیجے گئے نوٹس کا جواب نہ دینے پر کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی دوا ساز کمپنی میریئن بائیو ٹیک کی جانب سے لائسنس منسوخی کے فیصلے پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ ازبکستان میں بھارتی کھانسی کا شربت استعمال کرنے سے بچوں کی ہلاکت کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن کی جانب سے عالمی میڈیکل الرٹ جاری کرنے کے بعد بھارت نے دوا ساز کمپنی کے خلاف معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ یاد رہے کہ بھارت دنیا بھر میں ترقی پذیر ممالک میں جینرنک دوائیں برآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہے تاہم حالیہ عرصے میں ماہرین کی جانب سے بھارت میں بنائی جانے والی کئی دواؤں کے معیار پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ میریئن بائیو ٹیک پہلی کمپنی نہیں ہے جو کہ غیر معیاری دوائیں بنانے پر مشکلات کا شکار ہوئی ہو۔