سرینگر(نیوز ڈیسک )مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے سرچ آپریشن جاری ہیں اس دوران مزید کئی نوجوانوںکو گرفتار کیا گیا ،کوکرناگ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا ،جموں میں پراسرار دھماکے بعد سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ،کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوج کے ریاست کے طول و عرض میں محاصر ے اور سرچ آپریشن جاری ہیں اس دوران کئی مقامات پر قابض سیکورٹی فورسز نے چھاپے مارے
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ابرار احمد وانی اور دانش پرویز نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے سملر میں ایک چوکی سے گرفتار کر لیاگیا قابض فوج نے نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیدا کرنے کیلئے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیا ۔ ادھر جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں منشیات فروشی میں ملوث ایک پولیس اہلکارکو گرفتارکرلیاہے۔
پولیس حکام نے بتایاکہ ڈوڈہ قصبے سے منشیات کی تجارت میں ملوث ایک اسپیشل پولیس آفیسر کو گرفتار کیا گیاہے۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ ہمدان پورہ ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والاایس پی او جاوید احمد منشیات فروشی میں ملوث ہے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس نے خصوصی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا۔
تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے نشہ آور چیزیں برآمد ہوئیں۔ایس ایس پی نے کہاکہ ملزم اسپیشل پولیس آفیسرکے طور پرکام کر رہا ہے اور اس وقت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ڈوڈہ میں تعینات ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس سٹیشن ڈوڈہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں کوکرناگ کے علاقے وندے ولگام میں رات کے وقت آگ لگنے سے ایک شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا۔نامعلوم وجوہات کی بنا پر شاپنگ کمپلیکس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ شاپنگ کمپلیکس غلام حسن شیخ نامی شخص کی ملکیت ہے۔جموں میں گذشتہ روز ایک پراسرار دھمکاکے بعد سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے
واضح رہے کہ خطے کے ضلع سانبہ میں ایک فیکٹری کے اندر ایک پراسرار دھماکے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے تھے، ایک پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم انہوں نے واقعے میں ایک شخص کی موت اور چھ دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ بوائلر پھٹنے کے نتیجے میں ہوا یا کوئی اور دھماکہ تھا۔تاہم انہوں نے ایک شخص کی موت کی تصدیق کی اور اس کی شناخت موہن لال کے طور پر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 6افراد کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کردیا گیا ہے۔