بنگلورو(نیوز ڈیسک ) بنگلورو میں مغربی بنگال کے نوجوان کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے جانے کے کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم دماغی طور پر معذور ہے۔ پولیس نے کہا کہ تحقیقات جاری رہے گی۔ بنگلورو کے پی جی میں مقیم انکوش کو مائیکو لے آؤٹ پولیس نے بی ٹی ایم لے آؤٹ سیکنڈ اسٹیج کے قریب عوامی مقام پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
جمعرات کو ملزم کی جانب سے اچانک نعرے بازی کے بعد لوگوں نے پولیس کو طلب کیا تھا۔ پولیس پوری رات ملزم سے پوچھ تاچھ کرتی رہی اور اس کے ارکان خاندان کو بھی اس کی اطلاع دی۔اس کے خاندان نے بھی پولیس کو بتایا کہ ان کا لڑکا حالیہ عرصہ سے دماغی طور پر معذور ہے۔ پولیس نے بھی توثیق کی کہ ملزم دماغی طور پر معذور ہے تاہم پولیس نے اپنی تحقیقات جاری رکھی اور اس کے دوستوں اور پی جی میں مقیم افراد کے بیانات قلمبند کیے۔ ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ سی کے بابا نے کہا کہ نوجوان نے دکان کے سامنے موبائل پر ویب سیریز دیکھنے کے بعد چیخ کر مکالمے ادا کیے۔ دکان پر آنے والے لوگوں نے پولیس کو طلب کیا۔ تحقیقات جاری ہے۔“