سرینگر(نیو زڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے زیر کنٹرول بدنام زمانہ ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے بھارتی پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر کے متعددعلاقوں میں چھاپے مارے۔
منگل کی صبح ایس آئی اے نے عسکریت پسندی کی فنڈنگ کے نام نہاد مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں وسطیٰ اور شمالی کشمیر میں6 مقامات پر چھاپے مار ے ہیں۔ایس آئی اے کے اہلکاروں نے انڈین سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں مختلف مقامات پر لوگوں کے گھروں میں چھاپے مارے اور تلاشی لی۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنمائوں بلال صدیقی اور مولوی بشیر احمد کی سرینگر میں واقع رہائشگاہوں پر بھی چھاپے مارے ۔یہ چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں تنازعہ کشمیر ے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوںکو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کی جارہی ہیں ۔آخری اطلاعات آنے تک ایس آئی اے کی کارروائیاں جاری تھیں۔