سرینگر( نیوز ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور بے گناہ کشمیری عوام کے قتل عام پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برداری کی کشمیرمیں بھارتی مظالم پر خاموشی معنی خیر ہے ،عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں حوصلہ افزائی ہورہی ہے
جاری بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ ماہ رمضان کے باوجود مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فو ج کی ظالمانہ کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ان میں اضافہ دیکھنے کو ملاہے ،لوگوں خاص کر نوجوانوں کو بلاوجہ گرفتار کرکے جعلی مقابلوں میں شہید کیا جاتاہے ،لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور اس مقدس ماہ میں انہیں حراساںکرنے کے ساتھ مذہبی فرائض کی ادائیگی سے بھی روکا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ7دہائیوں سے زائد عرصے سے روزانہ کی بنیاد پر ظلم وتشدداور خونریزی کا نشانہ بننے والے کشمیری مسلسل انصاف سے محروم ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالمی برداری کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور وہ مزیدمنظم طریقے سے مقبوضہ علاقے میں اپنے ظلم وتشددکے سلسلے کو تیز کر رہا ہے۔
حریت کی سینئر رہنماء نے کہا کہ کشمیری عوام پرامن طریقے سے اپنے بنیادی حق خودارادیت کے جدوجہد کررہے ہیں ،بھارت فوجی طاقت کے ذریعے ان کی اس جدوجہد کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے عالمی سطح پر تسلیم شدہ انصاف کے اصولوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر کے ہی مقبوضہ علاقے میں خونریزی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔بھارتی مظالم یا فوجی دہشت گردی کشمیریوں کی جدوجہد میں کبھی رکاوٹ بنے ہیں اور نہ آئندہ رکاوٹ بنیں گے ، مسئلہ کشمیر کے فوجی حل کے تحت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کی مودی حکومت کی تما م کوششیں ناکام ہو ں گی۔انہوں نے کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی پرتشددکارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے ذریعے کشمیری عوام کو محکوم نہیں رکھا جاسکتا۔ بھارت کے وحشیانہ اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے میں پہلے سے سنگین صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی،
فریدہ بہن جی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی فریاد سن کر انہیںبھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ نے مقبوضہ جمو ں وکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوںمیں قید کشمیریوں کی حالت زار پر بھی تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے کشمیری قیدیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اپناکردار ادا کرتے ہوئے کشمیری قیدیوں کی زندگیاں بچانے میں بھارت پر دباو ڈالیں اور کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں،فریدہ بہن جی نے ممتاز سیاسی و مذہبی رہنماء و مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو بھی ان کی 56ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ خاندان کی کشمیریوں کے لئے خدمات کو ہمیشہ یار کھے جائے گاانہوں نے شہداء کشمیر کوبھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شداء کی قربانیاں جلد رنگ لاکر کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی حاصل کریں گے ۔