نئی دہلی09اپریل(نیوز ڈیسک ) بھارت میں مورخین نے تعلیمی نصاب تشکیل دینے والے ادارے نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ(این سی ای آر ٹی) کی طرف سے نصابی کتب سے مخصوص ابواب کو حذف کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ برصغیر پاک و ہند کے آئین اور ثقافت کے منافی ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے ۔
این سی ای آر ٹی نے حال ہی میں تاریخ کی کتابوں سے کچھ اقتباسات کو حذب کیا تھا، خاص طور پر بارہویں جماعت کی نصابی کتاب سے مغلوں سے متعلق کچھ حصے اور گیارہویں جماعت کی کتاب سے نوآبادیات سے متعلق حصوں کو ہٹایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مہاتما گاندھی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ سے متعلق کچھ حقائق کو بھی حذب کیا گیا ہے۔این سی ای آر ٹی کے اس اقدام کے خلاف رومیلا تھاپر، جینتی گھوش، مریدولا مکھرجی، اپوروآنند، عرفان حبیب اور اوپیندر سنگھ سمیت تقریبا 250ماہرین تعلیم اور مورخین نے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے دستخطی مہم کے ذریعے این سی ای آر ٹی کے اس اقدام کی مذمت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ این سی ای آر ٹی کی کتابوں سے مخصوص ابواب کو حذب کرنا حکومت کے متعصبانہ ایجنڈے کو بے نقاب کرتا ہے۔مورخین نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ برصغیر پاک و ہند کے آئین اور ثقافت کے خلاف ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب یونیورسٹی سطح کے اساتذہ کی تنظیم ڈیموکریٹک ٹیچرز فرنٹ کا کہنا ہے کہ اگر”واٹس ایپ یونیورسٹی”کو اسی طرح بھارتی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ہڑپ کرنے کی کھلی چھوٹ دی جائے گی تو بھارتی جمہوریت بری طرح متاثر ہوگی۔خیال رہے کہ گزشتہ سال این سی ای آر ٹی نے مختلف مضامین کی کتابوں سے متعدد ابواب اور حقائق کو ہٹایا تھا۔ این سی ای آر ٹی کی طرف سے کی گئی ان تبدیلیوں کے بعد اب یہ نئی کتابیں طلبہ کو پڑھائی جانی ہیں۔ ایسی ہی ایک بڑی تبدیلی کے تحت این سی ای آر ٹی نے 12ویں جماعت کی نصابی کتاب میں موجود اس حقیقت کو بھی ہٹا دیا ہے کہ مہاتما گاندھی کے ہندو مسلم اتحادکا حامی ہونے کی وجہ سے ہندو انتہا پسند مشتعل ہو گئے تھے۔ اس کے ساتھ وہ پیراگراف بھی ہٹا دیے گئے ہیں جن میں مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد کچھ عرصے کے لیے آر ایس ایس پر پابندی لگانے کی اطلاع دی گئی تھی۔گزشتہ سال این سی ای آر ٹی نے نصابی کتابوں سے گجرات فسادات اور مغلیہ سلطنت وغیرہ کے ابواب کے حوالہ جات کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ این سی ای آر ٹی نے چھٹی سے بارہویں جماعت کی مختلف کتابوں میں بہت سی تبدیلیاں کی ہیں۔
بھارت :نصابی کتابوں سے مغلیہ تاریخ حذف کرنے پر مورخین کا شدید ردعمل
مناظر: 540 | 9 Apr 2023