رائے پور(نیو زڈیسک ) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع میں بیجاپور میں نکسل گوریلوں نے کانگریس رہنما اور قانون ساز اسمبلی کے رکن وکرم منڈاوی کے قافلے پر حملہ کردیا۔
وکرم منڈاوی ضلع کے علاقے پیڈا کے قریب نکسل گوریلوں کے حملے میں بال بال بچ گئے۔ نکسلیوں نے ضلع پنچایت کے رکن پاروتی کشیپ کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی جو ایم ایل اے کے قافلے کا حصہ تھی۔واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور قافلے میں شامل تمام افراد محفوظ بتائے جاتے ہیں۔ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ منڈاوی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گنگلور ہفتہ وار بازار میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور بیجا پور واپس آ رہے تھے جب پیڈا گائوں کے قریب گولیاں چلائی گئیں۔اس سے پہلے اسی ضلع کے ایک جنگل میں بھارتی فوجیوں نے ایک ما ئونواز گوریلا کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔