سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سرینگر میں متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے غیر قانونی طورپر نظربند بیٹے سید احمد شکیل کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرینگر میں ممتاز مجاہدین کمانڈر سید صلاح الدین کے بیٹے سید احمد شکیل کی زیرملکیت سرینگر میں واقع جائیدادکو غیر قانونی سرگرمیوںکی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کی جارہی ہے ۔ سیداحمد شکیل جو ایک سرکاری ہسپتال صورہ انسٹیٹیوٹ اور میڈیکل سائنسز سرینگر میں بطور لیبارٹری ٹیکنیشن کام کرتے تھے،کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔انہیں این آئی اے نے اگست 2018 میں سرینگر کے علاقے رام باغ سے گرفتار کیا تھا اوروہ تب سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔سید صلاح الدین کے ایک اور بیٹے سید شاہد یوسف جو زرعی اسسٹنٹ کے طورپر سرکارم ملازم تھے کو ،ہندوتوا مودی حکومت نے معطل کر دیا تھا۔ این آئی اے نے سید شاہد یوسف کو اکتوبر 2017میں گرفتار کیا تھا جو پہلے ہی ایک جعلی مقدمے میں تہاڑ جیل میں قید تھے ۔