دلی 03 مئی( نیوز ڈیسک )جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کے قدرتی وسائل کو لوٹنے کی کوششوں کے تحت ، مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے رواں سال کے آخر میں مقبوضہ علاقے کے ضلع ریاسی میں پائے جانے والے لیتھیم کے ذخائر کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دلی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بھارت کے وزارت معدنیات کے سیکرٹری وویک بھردواج نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لیتھیم کے ذخائر کی نیلامی روں سال دسمبر تک شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔جیولوجیکل سروے آف انڈیا نے فروری میں اعلان کیا تھا کہ 5.9ملین ٹن لیتھیم کے ذخائر مقبوضہ کے ضلع ریاسی کے عالقے سلال۔ہیمانین میں دریافت ہوئے ہیں ۔لیتھیم ایک قیمتی دھات ہے جو ای وی بیٹریوں کاایک اہم جزوہے۔
قبل ازیں مقبوضہ کشمیرکے سکریٹری کان کنی امیت شرما نے کہا تھا کہ قابض انتظامیہ نے 5.9ملین ٹن لیتھیم نکالنے کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی تقرری اور نیلامی کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا ہے۔قابض حکام نے 3 مربع کلومیٹر پر پھیلے لیتھیم کے ذخائر کی جگہ پر حد بندی کا کام مکمل کر لیا ہے۔