سرینگر (نیوز ڈیسک )بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رواں ماہ مجوزہ جی 20 کانفرنس قریب آتے ہی ریاستی دہشت گردی اور مظالم تیز کر دیئے۔ اس دوران مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ راجوری ادر دیگر علاقوں میں بڑا فوجی آپریشن بھی جار ی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بھارت نے مقبوضہ علاقے میں مجوزہ جی 20کانفرنس کے انعقاد کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کردی ،سرینگر میں اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی سے شہر فوجی چھاؤنی کا منظرپیش کرنے لگا،کئی علاقوں کو سیل کردیا اور کئی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ ضلع پلوامہ سے بھی مزید دو بیگناہ کشمیری نوجوانوں بشیر احمد اور گلزار احمد کو مجاہد قرار دے کر گرفتار کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں قابض فوجیوں نے بارہمولہ کے علاقے کنزر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان اور راجوری کے علاقے کیساری میں دوسرے نوجوان کو شہید کر دیا گیا ۔ ان شہادتوں کے بعد گزشتہ چار دنوں میں شہیدہونیوالوں کی تعداد 6 ہو گئی ۔ جبکہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں20اپریل سے شروع فوجی آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں، ڈرون کیمروں اور سراغرساں کتوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں ، بجلی کے کھمبوں پر پوسٹرچسپاں کر دیئے گئے ہیں جن پر تحریر ہے کہ گروپ 20 ممالک متنازعہ علاقے میں اجلاس کا بائیکاٹ کریں،بھارت عالمی برادری کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پرہیں،گروپ 20 ممالک کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے میں کردار ادا کریں۔
پوسٹروں میں سعودی عرب اور ترکی سے خاص طورپر اپیل کی گئی کہ وہ اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کریں، یہ پوسٹر فیس بک اور ٹوئٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے یہاں جی 20 اجلاس رواں ماہ شیڈولڈ ہے ۔دوسری طرف کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام احمد گلزار،فریدہ بہن جی اور دیگر نے جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ گوا کانفرنس میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول کے کشمیر پرواضح اور جرات مندانہ موقف کے لیے شکر گزار ہیں ،کشمیر پر ٹھوس موقف حوصلہ افزا پیش رفت ہے ، اس سے کشمیریوں کی تحریک آزادی میں نیا جذبہ پیدا ہوگا۔
مقبوضہ کشمیر میں جی 20اجلاس کیخلاف کشمیریوں کا احتجاج ، سعودی عرب اور ترکی سے بائیکاٹ کی اپیل
مناظر: 583 | 7 May 2023