اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر اسرائیل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل کرنے کی پالیسیاں باعث تشویش ہیں، عالمی سطح پر سفارتی لابنگ کے لئے پارلیمنٹرین کے وفود بیرون ممالک بھیجے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں شوکت جاوید میر نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارت کی سرزمین پر جا کر چشم کُشا حقائق سے پردہ چاک کر کے کشمیری قوم کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا ہے، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید نے دنیا بھر کے ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کو نیو کلیئر فلیش پوائنٹ بنایا۔شوکت جاوید میر نے کہا کہ آٹے پر سبسڈی دے کر متوسط طبقے کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن میں نیب کی طرف سے ہونے والی گرفتاری کے بعد جلاؤ گھیراؤ، لوٹ مار، سرکاری املاک کی تباہی سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔
اسرائیل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل کرنے کی بھارتی سازش ، کشمیری رہنمائوں کا اظہار تشویش
مناظر: 222 | 12 May 2023