جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوتوا پارٹی علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے جھوٹے دعوے کا پرچار کرنے کے لیے کشمیری پنڈتوں کو ”قربانی کا بکرا”بنا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے مودی حکومت کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ محض ایک پروپیگنڈا ہے۔فاروق عبداللہ نے جو گزشتہ ایک سال کے دوران شہریوں پر حملوں میں اضافے پر بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں ،کہاکہ حکومت کشمیری پنڈت ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی کو اس معاملے پر ایک کل جماعتی اجلاس بلانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگرآپ کشمیری پنڈتوں کوتحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو انہیں قربانی کا بکرا نہ بنائیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈت ملازمین کو وادی میں واپس آنے اور دوبارہ ڈیوٹی شروع کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ اس معاملے کو بھارتی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔