ممبئی (نیو زڈیسک ) جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر زور دیا ہے کہ وہ بے گناہ مسلمانوں پر ہونے والے یکطرفہ ظلم و ستم اور پولیس کارروائیوں کو بند کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی مہاراشٹرا کے صدر حافظ الیاس خان فلاحی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ کو ایک خط لکھا ہے جس میں ریاست میں گزشتہ ہفتے اکولہ میں پیش آنے والے فسادات کے سلسلے میں بے گناہ مسلمانوں پر یکطرفہ ظلم و ستم اور بے جا کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوںنے ایکناتھ شندے سے اکولہ کشیدگی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے بے قصور مسلم نوجوانوں کو، جن کا تشدد سے مکمل طور پر کوئی تعلق نہیں تھا، غلط طریقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔انہوںنے ایک مسجد کی بے حرمتی کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے اسکی الگ تحقیقات کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ بے حرمتی میںملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔
