\
پیر‬‮   24   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

منی پور:بھارتی فوج کا 3صحافیوں پر لاٹھیوں سے تشدد

       
مناظر: 698 | 24 May 2023  

 

امپھال 24مئی (نیوز ڈیسک )بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال میں پر تشددواقعات کی کوریج کرنے والے 3صحافیوں کو بھارتی فوج کے اہلکاروں نے لاٹھیوں سے تشددکا نشانہ بنایا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مامی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافیوں سورم انوبا اور نونگ تھمبم جانسن اور نیوز ایجنسی اے این آئی سے وابستہ صحافی برہماچاریوم دیانند پر فوجی اہلکاروں نے اس وقت لاٹھیوں سے وحشیانہ تشدد کیا جب وہ امپھال کے نیو چیکون علاقے میں ایک جلتی ہوئی عمارت کی فوٹیج ریکارڈ کر رہے تھے۔ امپھال فری پریس کے مطابق پیر کوشورش زد ہ ریاست منی پور میں ایک بار پھر پر تشدد واقعات شروع ہو گئے جب ایک مشتعل ہجوم نے امپھال کے نیو چیکون بازار میں گھروں کو نذر آتش کر دیا۔شمال مشرقی ریاست میں 3مئی سے پر تشدد واقعات جاری ہیں جب آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین آف منی پور کے زیر اہتمام احتجاجی مارچ شروع کیاگیا تھا ۔
سنگائی ایکسپریس کی خبر کے مطابق آل منی پور ورکنگ جرنلسٹس یونین، ایڈیٹرز گلڈ منی پور اور منی پور ہل جرنلسٹس یونین نے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں صحافیوں پر حملہ کرنے والے فوجی اہلکاروں کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ صحافتی تنظیموںکا کہنا ہے کہ یہ صحافیوں کے کسی واقعے کی کوریج کرنے کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ میڈیا پرسن کے طور پراپنی شناخت کرنے کے بعد ان پر حملہ نہیں کیاجانا چاہیے۔
ادھر بھارتی شہر امرتسر میں پولیس نے ریاست پنجاب میں جنڈیالہ گرو ترن تارن روڈپر واقع راجیوال گائوں میںمسیحی برادری کے افراد کے ساتھ تصادم کے بعد رنجیت سنگھ اور اس کے بعض نامعلوم ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔