سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں بھارت کی میزبانی میںG-20 سیاحتی ورکنگ گروپ کی اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے گروپ کے رکن ممالک کا شکریہ اد ا کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںاس پیش رفت کو بھارت کیئیے ایک بڑا سفارتی دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب، ترکیے، مصر، انڈونیشیا اور میکسیکو سمیت متعدد اہم ممالک نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں G-20اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تواہم افریقین کی طرف سے G-20 اجلاس میں شرکت سے انکار نے کشمیریوں کے موقف اور ان کے دعوئوںکی توثیق کی ہے،جبکہ دوسری طرف کشمیریوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ان تمام ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے متنازعہ علاقے میں بین الاقوامی اجلاس میں شرکت سے متعلق حساسیت کا ادراک کرتے ہوئے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ انہوںنے کہاکہ چین، سعودی عرب، ترکیے، مصر، انڈونیشیا اور میکسیکو کی طرف سے سرینگر میں G-20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے کشمیریوں کا مورال بلند ہوا ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کے مسلسل اور وحشیانہ ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہاکہ بعض مقامی اور بین الاقوامی میڈیا گروپوں نے سرینگر میں G-20کے مقام کی طرف جانے والی سڑکوں پر لگائے گئے تشہیری بینرز کے پس پردہ بھارتی قابض افواج کی تصاویر جاری کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے صورتحال معمول پر آنے کے نام نہاد بیانیے کوبے نقاب کر دیا ہے۔انہوںنے کشمیری سیاسی اور سماجی کارکنوں بالخصوص بیرون ملک مقیم کشمیریوں کا بھی خیرمقدم کیا جنہوں نے اہم عالمی دارالحکومتوں بشمول واشنگٹن، لندن اور دنیا کے دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور متنازعہ علاقے میں G-20اجلاس منعقد کرنے کے بھارت کے مذموم اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے سرینگر میں G-20 اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والے رکن ممالک کاخیرمقدم
مناظر: 727 | 24 May 2023