جموں (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے موثرسفارتکاری کے ذریعے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے جی 20ممالک کو یہ باور کرایا کہ جموںو کشمیر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جہاں کسی بھی بین الاقوامی اجلاس کا انعقاد عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی۔
دیویندر سنگھ نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جی 20کے سرکردہ رکن ممالک چین ، ترکیہ ، سعودی عرب ،مصر اور انڈونیشیا کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میںگروپ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے بھارت کا ڈرامہ فلاپ اور مقبوضہ علاقے میں عملاً جی 20 اجلاس ناکام ہوگیا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میںجی 20اجلاس کی ناکامی پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتکاری فتح ہے اور جی 20 کے رکن ممالک پاکستان کی کوششوں اور مسئلہ کشمیر کی حساسیت کی وجہ سے اس کانفرنس سے دور رہے۔ حریت رہنماء نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ روز بھرپوراظہار یکجہتی کرنے کیلئے احتجاج کرنے پر اپنے پاکستانی بھائیوںکا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے5اگست 2019 کو پہلے ہی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت پر شب خون مارا اور اب اپنے غاصبانہ قبضے کو دوام بخشنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا کشمیری عوام اپنی پرامن اور منصفانہ جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری ، جی 20 ممالک ، او آئی سی اور دیگر انصاف پسند ممالک پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
مقبوضہ کشمیرمیں G-20اجلاس کی ناکامی پاکستان کی سفارتی فتح ہے،دیویندر سنگھ بہل
مناظر: 474 | 24 May 2023