کولکتہ (نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے بی جے پی حکومت تاریخ اور نوٹ بدلتے بدلتے ایک روز خود بدل جائے گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے میدناپور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ بی جے پی روز تاریخ بدل رہی ہے ، کردار بدل رہی ہے ، نوٹ بدل رہی ہے اور یہ سب بدلتے بدلتے خود ایک دن بدل جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ریاست منی پور میں فساد برپاکیا گیا ، کئی لوگ مارے گئے لیکن وزیر اعظم مودی وہاں نہیں گئے ۔ انہوںنے کہا کہ میں منی پور جانا چاہتی ہوں لیکن ہمیں جانے نہیں دیا جا رہا ۔
ممتا بنر جی نے کہا کہ بی جے پی حکومت منی پور کی طرح مغربی بنگال میں بھی فساد پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کرمی اور قبائلیوں کو ایک دوسرے کے خلاف اکسایا جارہا ہے اور اس کیلئے بی جے پی رہنماؤں نے کئی لوگوں کو کئی کروڑ روپے دیے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہاں فساد ہوگا ، دہلی سے فوج آئے گی ، گولی ماردے گی اور آپ کچھ نہیں کر پائیں گے۔
