\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

بھارت فاشسٹ ریاست بننے کے خطرناک راستے پر گامزن ، رپورٹ نے بھارت کی اصلیت کھول دی

       
مناظر: 406 | 10 Jun 2023  

 

اسلام آباد 10 جون(نیوز ڈیسک )امریکہ میں قائم انسانی حقوق گروپ ”سب کے لیے انصاف“ نے بھارت میں ہندوتوا نظریے اور نازی ازم کے درمیان مماثلت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت فاشسٹ ریاست بننے کے خطرناک راستے پر گامزن ہے۔
ریاست شکاکو میں قائم انسانی حقوق گروپ ”سب کے لیے انصاف“ نے ” بھارت کی نازیت“کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں نفرت اورظلم و ستم کے ایسے 12 نازی ہتھکنڈوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان حربوںکو آج کل بھارت میں کیسے نافذ کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑاجمہوری ملک بھارت فاشسٹ ہندوتوا نظریے کی وجہ سے اس وقت جمہوری کہلانے کی لائق نہیں رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندوتوا نظریہ یورپ کے نازیوں اور فاشسٹوں سے متاثر ہے اور یہ نظریہ مسلم اقلیت کے ساتھ بالکل وہی سلوک رکھتا ہے جو نازی یہودیوں کے ساتھ رکھتے تھے اور انہیں گیس چیمبروں میں دھکیل دیا کرتے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت پر اس وقت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس ) کے سیاسی ونگ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہے اور اس وقت وہاں جو کچھ ہو رہا ہے وہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ یہ ملک فاشسٹ اکثریتی ریاست بننے کے خطرناک راستے پر گامزن ہے جہاں اقلیتوں اور خاص طور پر 20کروڑ سے زائد مسلمانوں کو نسل کشی کے خطرے کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نریندر مودی نے گجرات میں قتل عام کی سہولت کاری کی لیکن وہ نہ صرف بچ گئے بلکہ دو مرتبہ بھارت کے وزیر اعظم بھی منتخب ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک، پریس پر قدغنوں اور دیگرفسطائی کارروائیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت کی پوزیشن مسلسل خراب ہو رہی ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کریں اور بھارتی حکومت پر دباو¿ ڈالیں کہ وہ اپنے سیکولر آئین کی پاسداری کرے۔