گوا(نیوز ڈیسک ) ہندوتوا نظریہ ساز وی ڈی ساورکر کے پوتے رنجیت ساورکر نے مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ پر زور دیا اور کہا کہ صورتِ حال کے پیش نظر مسلم کمیونٹی کا معاشی بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ ہندوؤں کے ساتھ ہی تجارت اور کاروبار کریں اور مسلمانوں کی دکانات اور اداروں سے خریداری کرنا ترک کردیں۔ وائی شیوک ہندو راشٹرا مہا اتسو کے افتتاح کے موقع پر یہاں مخاطب کرتے ہوئے رنجیت ساورکر نے ان تاثرات اور احساسات کا اظہار کیا۔ گوا میں منعقدہ مذکورہ مہااتسو کے موقع پر انھیں مدعو کیا گیا ہے۔ رنجیت ساورکر نے مزید بتایا کہ ہندوؤں کو چاہیے کہ وہ مسلمانوں کا تجارتی مقاطعہ کریں اور ہندوؤں کے ساتھ ہی تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ مذکورہ مہااتسو کا اہتمام ہندو جنا جاگرتی سمیتی کی جانب سے کیا گیا۔ رنجیت نے ہندوؤں کے رہنماؤں اور پجاریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے حامیوں اور پیروؤں کو ہدایت دیں کہ وہ صرف جھٹکے کا گوشت ہی استعمال کریں، تاکہ ہماری رقم مسلم قصابوں کو نہ پہنچے۔
