اسلام آباد (نیوز ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ علاقے کے لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی مترادف ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امیت شاہ جمعہ (23 جون) کو جموںکا ایک روزہ درہ کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق امیت شاہ جموں میں ایک ریلی سے خطاب اور ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وہ اسی شام نئی دہلی واپس جائیں گے۔
محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امت شاہ کا دورہ محض ایک سیاسی ڈرامہ ہے جس کا مقصد علاقے میں ہندوتوا ایجنڈے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس طرح کے دوروں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ امت شاہ 370، 35A کی منسوخی کا ماسٹر مائنڈ ہے، جس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق چھین لیے ہیں اور بھارتی فورسز کو جموں و کشمیر میں سیاسی آوازوں کو وحشیانہ طاقت کے ساتھ خاموش کرنے کے لیے کھلی چھٹی دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مودی حکومت کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت سمیت جموں و کشمیر کے ہزاروں لوگوں کی غیر قانونی حراست، جائیدادوں اور زمینوں کی ضبطی اور دیگر کشمیر مخالف اقدامات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ کشمیری اپنے شہداءکے عظم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعز م ہیں ۔ محمود ساغر نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی اور بے انتہا مظالم نہ تو کشمیریوں کو حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے سے روک سکتے ہیں اور نہ ہی اس طرح کے ہتھکنڈوں سے جموںوکشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر کوئی اثر پڑے گا۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں اور تنظیموں دیویندر سنگھ بہل، نریندر سنگھ خالصہ، میر شاہد سلیم، محمد عاقب، جموں و کشمیر پیر پنچال فریڈم موومنٹ اور جموں و کشمیر عوامی پارٹی نے جموں میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ امت شاہ کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ امیت شاہ نے مقبوضہ علاقے کو جہنم بنا رکھا ہے تاہم تمام تر مظالم اوربے انتہا چیرہ دستوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی مستحکم وتوانا ہے او وہ شہداءکے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔