سری نگر24 جون (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کے خلاف سینکڑوں نمازیوں نے سری نگر کی جامع مسجد کے احاطے میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔
سینکڑوں نمازیوں نے مسجد کے احاطے میں جمع ہو کر پر امن احتجاج کیا اور میرواعظ کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا جو 5 اگست 2019 سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے میرواعظ کو گزشتہ روز لگاتار200ویں ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔
نوجوانوں اور بزرگوں پر مشتمل نمازیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈاٹھا رکھے تھے جن پر ”200 جمعہ ۔ جامع مسجد کے منبر کو خاموش کر دیا گیا ، میرواعظ کو رہا کرو“ جیسے نعرے درج تھے ۔انہوں نے میرواعظ کے حق میں نعرے لگائے اور قابض حکام پر زور دیا کہ وہ انہیں رہا کرے۔
مسجد کے لان میں اسی طرح کا ایک اور مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ ایک خاتون نے اس موقع پر کہا کہ ہم صرف یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے میرواعظ کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔
مظاہرے میں شریک ایک اور خاتون نے کہا کہ میرواعظ تقریباً چار سال سے گھر میں نظر بند ہیں۔ہماری انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ انہیں عید الاضحی سے پہلے پہلے رہا کرے ۔ مسجدکے امام حئی سید احمد نقشبندی نے بھی نمازیوں سے خطاب میں انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ میر واعظ کو رہا کرے۔ انہوںنے کہا کہ میر واعظ کو غیر قانونی طور پر نظر بند رکھا گیا ہے جسکی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ میر واعظ کی گھر میں نظربندی کے 200 گزر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ کی مسلسل نظر بندی سے جموں و کشمیر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انکے دینی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچ رہی ہے۔بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی کانگریس سے خطاب میں جمہوری اقدار کے بڑے بڑے دعوے کیے جبکہ میر واعظ کی گھر میں طویل نظر بندی انکے ان دعوؤں کا منہ چڑھا رہی ہے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے بھی ایک بیان میں میرواعظ کی متواتر نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وادی کے مسلمان اس مذہبی جبر پر انتہائی دل گرفتہ ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تمام طبقوں اور حلقوں کیطرف سے میر واعظ کی رہائی کی بار بار اپیلوں کے باوجود انتظامیہ انہیں رہا نہیں کر رہی جو انتہائی افسوسناک ہے۔
سرینگر :میر واعظ کی مسلسل نظربندی کے خلاف زبردست مظاہرہ،فوری رہائی کا مطالبہ
مناظر: 863 | 24 Jun 2023