\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

ممبئی: قربانی کیلئے بکرے لانے پر ہندو انتہا پسندوں کی ہنگامہ آرائی،جے شری رام کے نعرے

       
مناظر: 858 | 28 Jun 2023  

ممبئی28جون (نیوز ڈیسک )ممبئی کی ایک سوسائٹی میں رہائش پذیر ایک مسلمان کی طرف سے عید الاضحی کیلئے قربانی کے لیے دو بکرے لانے پر ہندوانتہاپسندوں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور جے شری رام کے نعرے لگائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممبئی سے متصل میرا روڈ پر واقع جے پی انفرا سوسائٹی میں ایک مسلم شخص محسن شیخ کی طرف سے قربانی کے لیے دو بکرے لانے کے چند ہی گھنٹوں بعد سوسائٹی کے رہائشی ہندو انتہاپسندوں نے ہنگامہ کھڑا کر دی اور جے شری رام کے نعرے لگانے کے علاوہ ہنومان چالیسہ پڑھنا شروع کردیا ۔ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے مقامی کارکن بھی احتجاج میں شامل تھے۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ اس موقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مسلم شہری محسن نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ اس سوسائٹی میں 200 سے 250 مسلم خاندان رہائش پذیر ہیں اور ہر سال بلڈر ہمیں قربانی کے جانور رکھنے کے لیے جگہ دیتا تھا لیکن اس بار بلڈر نے جگہ دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بکرا رکھنے کے لیے سوسائٹی سے بھی جگہ مانگی تھی لیکن سوسائٹی نے بھی جگہ نہیں دی ۔
واضح رہے کہ 2014میں فرقہ پرست نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے بھارت میں مذہبی عدم برداشت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ رجحان اب تشویشناک حد تک پہنچ گیا ہے کیونکہ اقلیتی برادریوں کے ارکان بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں کواپنی مذہبی فرائض کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔ مسلمانوں اور عیسائیوں کے گھروں اور مذہبی مقامات پر ہندوتوا بلوائیوں کے حملے روز کا معمول بن گیا ہے ۔