سرینگر02جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نقاش نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور وہ بھارت سے آزادی کی جدوجہد مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی بے بسی پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکامی پراسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دوہرے معیار نے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔یوسف نقاش نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کے بیان کی بھی تعریف کی جنہوں نے کشمیر اور فلسطین کے بارے میں قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی وجہ سے اقوام متحدہ کے وجود پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔یوسف نقاش نے کہاکہ اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی سے بھارت کا رویہ مزید جارحانہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری ہونے کے ناطے ہم نے کئی دہائیوں تک بھارتی جبر کو برداشت کیا کیونکہ ہم نے بھارت کی غلامی کوتسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔یوسف نقاش نے کہاکہ ہمیں بھارت کے ظلم وجبر کے باجود آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے سرینگر کے علاقے بالہامہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی کارکنوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی اسلام اور کشمیر دشمن سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔حریت رہنمانے کہاکہ کشمیری عوام اپنی شناخت کے تحفظ کے لیے ا پنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے کارندوں نے علاقے میں امام بارگاہوں اور دیگر مقدس مقامات کی توڑ پھوڑ کی ہے۔