لہہ 04جولائی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر تسلط جموں وکشمیر کے خطے لہہ میں مختلف تجارتی، سیاحتی، مذہبی اور سیاسی تنظیموں کے اتحاد لداخ ٹورسٹ ٹریڈ الائنس نے بھارتی بزنس ٹائیکونز کی طرف سے لداخ میں سیاحت کی صنعت پر کنٹرول حاصل کرنے کے خلاف 15جولائی سے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
لداخ ٹورسٹ ٹریڈ الائنس نے بھارتی تاجر وں کو خبردار کیا ہے کہ وہ 15جولائی کے بعدسے لداخ میں جاری منصوبوں کی فنڈنگ روک دیں کیونکہ اس کے بعد کسی قسم کی شراکت یا تعمیراتی سرگرمیوں کی علاقے میں اجازت نہیں دی جائے گی۔لہہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کے صدر پی ٹی کنزانگ نے کہا کہ لداخ میں 90 فیصد لوگ سیاحت کی صنعت پر انحصار کرتے ہیں اور کسی بھی بھارتی شہری یاغیر کشمیری تاجر کو اس علاقے میں سیاحت کے شعبے کاروبارشروع کرنے کی نہیں دی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ علاقے کی مذہبی تنظیموں نے بھی لداخ میں غیر کشمیریوں کی فنڈنگ سے شروع کئے گئے منصوبوں پر کام روکنے کیلئے پہلے ہی دو ماہ کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے ۔الائنس کے صدر نے مزید کہا کہ 15جولائی کے بعدغیر کشمیریوں سے عدم تعاون کی تحریک شروع کی جائے گی اور لداخ میں کاروبار کرنے کا ارادہ رکھنے والے تمام بھارتی شہریوںکی سخت مخالفت کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ہم کسی کو بھی علاقے کے لوگوں کی روزی روٹی چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے ۔الائنس نے ہوٹلنگ کی صنعت سے وابستہ ممتاز بھارتی تاجرکپل چوپڑا کو بھی لداخ میں پوسٹ کارڈ ہوٹل کی تعمیر فوری روکنے کاانتباہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف لداخ کے مقامی لوگوں کو ہی علاقے میں کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔