اسلام آباد 04جولائی (نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کو سفارتی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال نہ کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کوشنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، خطے میں پائیدار امن تنظیم کے تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے، سفارتی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے دہشت گردی کے استعمال سے گریزکرنا چاہیے، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی جانی چاہیے، ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی، عالمی امن کے لیے لوگوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنانا ہوگا، مذہبی منافرت پھیلانے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق خطے میں دیرینہ تنازعات کوحل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سیاسی ایجنڈے کے تحت مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن تنظیم کے تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلی کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کوماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا آن لائن اجلاس بھارت کی میزبانی میں منعقد ہوا جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔