سرینگر (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ بے گھر لوگوں کو مکانات فراہم کرنے کے بہانے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے آج سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں دو لاکھ کے لگ بھگ بے زمین لوگوں کو زمین دینے کا اعلان کیا ہے جو ایک غور طلب بات ہے کیونکہ بھارتی حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ کے سامنے رکھے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں صرف 19ہزار بے گھر خاندان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے بیان سے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں کہ یہ بے گھر لوگ کون ہیں جنہیں کشمیر میں آباد کیا جائے گا۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے تاکہ بی جے پی اپناووٹ بنک بڑھا سکے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، محبوبہ مفتی
مناظر: 453 | 6 Jul 2023