اسلام آباد(نیو زڈیسک ) پاکستان کو بھارت کے ساتھ کشن گنگا ڈیم تنازع پر عالمی ثالثی عدالت میں بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ اٹارنی جنرل آفس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق کشن گنگا ڈیم کے تنازع پر عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کا پرمیننٹ کورٹ آف آربیٹریشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض مسترد کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے کشن گنگا ڈیم پرپاکستان کا کیس قابل سماعت قرار دے دیا ہے اور پرمیننٹ کورٹ آف آربیٹریشن نے دائرہ اختیار پر پاکستان کے مؤقف کی توثیق کردی ہے۔ واضح رہے کہ متنازع کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور اس منصوبے سے 330 میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان کا متنازع منصوبے کے حوالے سے مؤقف ہے کہ یہ منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ ماضی میں عالمی بینک نے کشن گنگا منصوبے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان دو مرتبہ مذاکرات کرائے تھے لیکن ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 19 مئی 2018 کو پاکستان کے شدید احتجاج کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا ہائیڈرو پاور پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔